جمہوریہ کانگو میں ایم 23 باغی گروہ کا خاتمہ

جمہوریہ کانگو میں ایم 23 نامی باغی گروہ نے اپنی سرگرمیاں بند کرنے کے اعلان کے بعد ہتھیار ڈالنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

کانگو کی فوج توپ خانہ اور گولہ بارود اپنے قبضے میں لے رہی ہے۔

اب فوج کانگو کی حدود میں سرگرم دیگر باغی گرہوں بشمول ایف ڈی ایل آر کے خلاف کارروائیاں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ جھڑپوں کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے تقریباً 15,000 افراد اپنے آبائی علاقوں کو لوٹ رہے ہیں۔

کانگو کا مشرقی حصہ کئی برسوں سے شورش کی زد میں ہے۔

معدنیاتی کانوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے سرکاری سکیورٹی فورسز اور باغی گروہوں میں جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

باغی جنگجوؤں میں وہ لوگ شامل ہیں جنھوں نے 2009ء کے امن معاہدے کے بعد حکومتی فوج میں شمولیت اختیار کی مگر برے سلوک کی شکایات کے بعد اس سے علیحدہ ہو گئے تھے۔

جھڑپوں کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والےافراد نے کئی راتیں کھلے آسمان تلے گزاریں۔

اس لڑائی سے متاثر ہونے والے افراد میں بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔

اقوام متحدہ کا الزام ہے کہ روانڈا اور یوگینڈا باغی گروپ ایم 23 کی مدد کر رہے ہیں لیکن یہ دونوں ملک ان الزامات کی نفی کرتے ہیں۔