انگلینڈ کو بھارت کے ہاتھوں اننگز اور 36 رنز سے شکست

فائل فوٹو

کوہلی ایک ہی سال میں تین ٹیسٹ ڈبل سینچریاں بنانے والوں میں پانچویں اور پہلے بھارتی کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔

بھارت نے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو ایک اننگز اور 36 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کیا ہے۔

ممبئی میں پیر کو میچ کے آخری روز انگلینڈ نے جب اپنی دوسری اننگز 182 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو بلے بازوں کی طرف سے کچھ دیر کے لیے بھارتی باؤلروں کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس سے یہ توقع پیدا ہوئی کہ میچ ڈرا کی طرف جا سکتا ہے۔

لیکن مہمان ٹیم کی یہ امیدیں اس وقت دھری کی دھری رہ گئیں جب اس کے آخری چار کھلاڑی صرف 13 رنز کے عوض ڈھیر ہوگئے اور پوری ٹیم صرف 195 رنز ہی بنا سکی۔

بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے اس اننگز میں بھی 55 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر اس میچ میں 167 رنز دے کر 12 وکٹیں سمیٹنے میں کامیاب ہوئے۔

اس کے ساتھ ہی ٹیسٹ میچوں میں کسی ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا یہ ان کا چوبیسواں اور دس وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کا دسواں موقع بنا۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 400 رنز بنائے جس میں جیننگز کے 112 اور بٹلر کے 76 رنز بھی شامل تھے۔

جواب میں بھارت نے اپنی پہلی اننگزمیں 631 رنز اسکور کیے۔ کپتان ویرات کوہلی نے 235، مورالی وجے نے 136 اور جیانت یادوو نے 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 195 رنز ہی بنا سکی۔

ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کوہلی ایک ہی سال میں تین ٹیسٹ ڈبل سینچریاں بنانے والوں میں پانچویں اور پہلے بھارتی کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔

پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو تین، صفر سے برتری حاصل ہے جب کہ سیریز کا آخری میچ 16 دسمبر سے چنئی میں کھیلا جائے گا۔