تصاویر: دنیا بھر کے اہم واقعات کی جھلکیاں

آسٹریلیا میں گرمی کے باعث لگنے والی آگ نے تسمانیہ کے جنگلات کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ایک سابق مشیر راجر اسٹون کو مجرمانہ غفلت اور حقائق چھپانے کے الزامات پر ایف بی آئی نے گرفتار کرلیا ہے۔ اسٹون کو بعد ازاں فلوریڈا کی ایک عدالت نے 250000 ڈالر زرِ ضمانت کے عوض رہا کر دیا۔

اسرائیلی سیکورٹی اہلکاروں اور فلسطینی مظاہرین میں جھڑپ کے دوران ایک کیمرا مین کو اہلکاروں نے حراست میں لے رکھا ہے۔

اے ایف سی ایشین کپ فٹبال کے کوارٹر فائنل کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات نے آسٹریلیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

انڈونیشیا کے صوبے جنوبی سیلوویسی میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں اب تک 59 افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہیں۔

جنوب مشرقی برازیل میں لوہے کی کان سے نکلنے والا مواد روکنے کیلئے بنایا گیا ڈیم ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد لاپتا اور نو افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

یونان کے وزیرِ اعظم الیکسس سپراس اور ان کی حکومت کے اہلکار پارلیمان میں یونان اور مقدنیہ کے درمیان معاہدے کی توثیق کے بعد ارکان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال جون میں مقدونیہ اور یونان کے درمیان عرصے سے مقدونیہ کے نام پر جاری تنازع پر معاہدہ طے پاگیا تھا جس کے تحت مقدونیہ اپنا نام تبدیل کرلے گا۔ یونان کے ایک صوبے کا نام بھی مقدونیہ ہے اور یونانیوں کا مطالبہ تھا کہ جب تک مقدونیہ اپنا نام تبدیل نہیں کرلیتے وہ یورپی یونین میں اس کی شمولیت کی توثیق نہیں کرے گا۔

پیرس کے ایک نواحی علاقے میں عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر سیکڑوں تارکینِ وطن کو پولیس نے زبردستی ان کی عارضی رہائش گاہوں سے بے دخل کردیا ہے۔

پاناما میں ایک کیتھولک زائر عمر پارک کے علاقے میں عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر قائم کردہ عوامی اعتراف گاہ میں ایک پادری کے سامنے اپنے گناہوں کا اعتراف کر رہی ہیں۔

اسرائیل غزہ سرحد پر ایک مظاہرے کے دوران زخمی بچے کو طبی امداد کے لئے اسپتال لے جایا جا رہا ہے۔

وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو کاراکس میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔ امریکہ اور کئی لاطینی ملکوں نے ان کے حریف کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے جس کے بعد مادورو کی حکومت خطرے سے دوچار ہے۔

کاراکس میں حزبِ اختلاف کے رہنما ہوان گائیدو ایک عوامی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔ گائیدو وینزویلا کی پارلیمان کے صدر ہیں جنہوں نے رواں ہفتے ملک کا عبوری صدر ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

فلسطین کے علاقے راملہ میں مظاہرے کے دوران ایک فلسطینی اسرائیلی فوج کی طرف سے فائر کیا جانے والا آنسو گیس کا شیل دوبارہ انہی کی طرف پھینک رہا ہے۔

جرمنی میں برف باری کے بعد پیس بیل نے بھی سفید چادر اوڑھ لی۔

ٹینس کے آسٹریلیا اوپن سیمی فائنل مقابلے میں نوواک جوکووچ نے لوکاس پویل کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ رافیل نڈال سے ہو گا۔

پوپ فرانسس نوجوانوں کے عالمی دن کی تقریب میں شرکت کے لیے پاناما پہنچے ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

آئی ایس یو یورپین فگر اسکیٹنگ چیمپئن شپ کے ایک مقابلے میں خاتون کھلاڑی اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔