لائبیریا: ایبولا سے متاثرہ مریضوں کے لیے بڑے طبی مرکز کا قیام

ایبولا وائرس کے علاج کے لیے لائبیریا میں ایک بڑے طبی مرکز نے کام شروع کر دیا ہے۔

ایبولا وائرس کے علاج کے طبی مرکز کو امریکی فوجیوں کی مدد سے تعمیر کیا گیا اور یہاں کیوبا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کام کریں گے۔

ایبولا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے تین ملکوں لائبیریا، گنی اور سیرالیون کے علاوہ یہ وائرس مختلف ملکوں تک بھی پھیلا۔

ایبولا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد لگ بھگ پانچ ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13567 ہے۔

ایبولا کے بارے میں بڑے پیمانے پر چلائی جانے والی مہم نے لوگوں کو اس مرض سے متعلق آگہی دی ہے اور انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے۔

مختلف علاقوں میں رضاکاروں کو بھیجنے سے قبل ان کا بھی طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔

امریکہ نے اب تک مغربی افریقہ میں ایبولا کی وبا کی روک تھام کے لیے  40 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا  وعدہ کر رکھا ہے۔