کراچی ، بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ اسکیم جاری

پولنگ اسکیم کے اعداد و شمار کے مطابق، شہر میں رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 70 لاکھ 65 ہزار 284 ہے۔ ان میں40 لاکھ 65 ہزار 284 مرد اور 30 لاکھ 17 ہزار 35 خواتین ہیں

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں اب صرف 10دن رہ گئے ہیں۔ سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ گلی گلی اور نکڑ نکڑ پوسٹروں کی گویا بہار آئی ہوئی ہے۔ لیکن، حیرت انگیز طور پر ابھی تک کسی ایک بڑی پارٹی نے بھی حالیہ ہفتوں کے دوران کوئی انتخابی جلسہ، جلوس یا ریلی منعقد نہیں کی۔

ادھر الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کی تیاریاں تقریباً مکمل کرلی ہیں۔ بدھ کو کمیشن کی جانب سے شہر کے تمام چھ اضلاع کے لئے پولنگ اسکیم جاری کردی ہے۔ ان چھ اضلاع میں شرقی، غربی، وسطی، جنوبی، ملیر اور کورنگی شامل ہیں۔

تمام اضلاع میں ہفتہ 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے میڈیا کو جاری پولنگ اسکیم کے اعداد و شمار کے مطابق، شہر میں رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 70 لاکھ 65 ہزار 284 ہے۔ ان میں40لاکھ 65 ہزار 284 مرد اور 30 لاکھ 17 ہزار 35 خواتین شامل ہیں۔

چھ اضلاع میں مجموعی طور پر 4 ہزار 152 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے، جن میں سے 505 میں مرد، 471 میں خواتین اور 3 ہزار 162 پولنگ اسٹیشنوں میں مرد اور خواتین مشترکہ طور پر دونوں ووٹ ڈال سکیں گے۔

پولنگ اسٹیشنوں پر 4ہزار 152 پریزائیڈنگ افسران ،23 ہزار 549 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران، 14ہزار 849 پولنگ افسر اور 536 نائب قاصد سرکاری فرائض انجام دیں گے۔