کراچی کی رہائشی عمارت میں دھماکہ

گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب صبح نو بجے ایک رہائشی عمارت میں دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ عمارت کا ملبہ گاڑیوں پر بھی گرا جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

دھماکہ چار منزلہ عمارت کے نیم چھتی فلور پر ہوا۔ عمارت میں ایک نجی بینک قائم تھا جس کا کچن اسی فلور پر واقع تھا۔

دھماکے کے بعد پولیس، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ جب کہ امدادی رضا کاروں نے بھی بر وقت پہنچ کر امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بینک کا عملہ، ایک نجی کمپنی کا گارڈ اور عمارت کے رہائشی شامل ہیں۔

دھماکے کی ابتدائی پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ گھریلو گیس لیکیج کی وجہ سے ہوا۔

امدادی کاموں میں حصہ لینے والی غیر سرکاری تنظیم ایدھی کے ایک عہدیدار سعد فیصل ایدھی نے وائس آف امریکہ کو حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد کے ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حادثے کی جگہ سے ایک گیس برنر ملا ہے تاہم کسی قسم کا کوئی بارودی مواد برآمد نہیں ہوا۔

دھماکے کے بعد متاثرہ عمارت کے سامنے شاہراہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے عمارت کو گھیرے میں لیا۔ ریسکیو ٹیموں کے علاوہ کسی کو عمارت کے قریب جانے کی اجازت نہیں تھی۔

سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔