فرگوسن میں صورت حال کشیدہ، واشنگٹن میں مظاہرے

امریکہ کی ریاست مزوری میں دوسرے روز بھی صورت حال کشیدہ رہی۔

مزوری کے گورنر جے نکسن کے مطابق صورت حال پر قابو پانے کے لیے مزید دو ہزار سے زائد نیشنل گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے۔

فرگوسن میں ہنگاموں پر قابو پانے کے لیے نیشنل گارڈز کی مزید نفری تعینات کر دی گئی۔

واشنگٹن سمیت امریکہ کے مختلف شہروں میں گرینڈ جیوری کے فیصلے کے بعد متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے گئے۔

متعدد عمارتوں اور گاڑیاں نذر آتش کر دی گئیں جب کہ دکانوں میں لوٹ مار بھی کی گئی۔

فرگوسن جہاں 18 سالہ سیاہ فام مائیکل براؤن گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا، وہاں جیوری کے فیصلے کے بعد ہنگامے شروع ہو گئے۔

مائیکل براؤن کے اہل خانہ نے جیوری کے فیصلے پر ’شدید مایوسی‘ کا اظہار کیا لیکن اُنھوں نے لوگوں سے تحمل کی اپیل کی ہے۔

رواں سال نو اگست کو پیش آنے والے فائرنگ کے اس واقعے کے بعد اس علاقے میں تواتر سے مظاہرے دیکھنے میں آئے جنہوں نے اکثر پرتشدد صورت بھی اختیار کی۔

پولیس کے مطابق سینٹ لوئی کے مضافات میں 61 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کئی ماہ تک شواہد اور بیانات کا جائزہ لینے والی گرینڈ جیوری نے سیاہ فام نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کرنے والے سفید فام پولیس افسر ڈیرن ولسن پر فرد جرم عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔