فرگوسن: تشدد کے واقعات کے بعد صورتحال میں قدرے بہتری

امریکہ کی ریاست مزوری کے علاقے فرگوسن میں گزشتہ دو راتوں سے پر تشدد ہنگاموں کے بعد اب صورتحال نسبتاً پر امن ہے۔

رواں ہفتے گرینڈ جیوری کی طرف سے سیاہ فام نوجوان کو گولی مارنے والے سفید فام پولیس اہلکار پر مقدمہ نہ چلانے کے فیصلے کے بعد یہاں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔

فرگوسن میں ہنگاموں پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

ہنگاموں کے بعد جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار کے واقعات رونما ہوئے۔

اگست میں 18 سالہ سیاہ فام نوجوان مائیکل براؤن کی سفید فام پولیس افسر ڈیرن ولسن کے ہاتھوں ہلاکت نے فرگوسن میں کشیدگی کو ہوا دی۔

فرگوسن کے علاوہ امریکہ کے بعض دیگر علاقوں میں بھی مظاہرے دیکھنے میں آئے۔

ملک کے مختلف حصوں میں اس واقعے پر ہونے والے مظاہروں میں لوگوں نے سیاہ فام امریکیوں کے بارے میں قوانین پر شفاف طریقے سے عمل درآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

بعض مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔