وبا کے دنوں میں شادیاں: کرونا ہار گیا، محبت جیت گئی

انڈونیشیا کے ایک جوڑے نے کرونا وائرس کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے اور آخر کار 11 اپریل کو دونوں نے جکارتہ میں شادی کرلی۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں دلہن نوہا حامد اور دولہا مصطفیٰ امین 16 اپریل کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ دونوں نے شادی کی تقریب میں بھی ماسک پہنا ہوا تھا۔

عراق کے شہر کربلا میں ایک جوڑا کرفیو کے باوجود شادی کرنے سے نہ رکا اور دونوں 12 اپریل کو ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے کے ہو گئے۔

اسٹیفینیا اور کارلو کی شادی اٹلی میں 22 اپریل کو انجام پائی لیکن کرونا کی وجہ سے عوامی اجتماعات پر پابندی کے سبب اس شادی میں زیادہ افراد شریک نہیں ہوئے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک جوڑے نے 17 اپریل کا دن اپنی شادی کے لیے منتخب کیا اور آخر کار دونوں ایک ہو گئے۔

فرانس کی 25 سالہ روزانے بیلجیم میں مقیم ہیں۔ انہوں نے 28 سالہ نیکولس کو اپنا جیون ساتھی چنا اور 11 اپریل کو ان سے شادی کرلی۔

میکسیکو کے ایک جوڑے نے 10 اپریل کو انجام پانے والی شادی کے موقع پر فوٹو شوٹ کے لیے نیا انداز اپنایا اور دونوں شادی کے بندھن میں بندھنے کے ساتھ ساتھ ٹوائلٹ ٹیشو پیپر میں لپیٹ دیے گئے۔ آخر کرونا کی موجودگی کی کوئی تو نشانی ہونی ہی چاہیے۔

46 سالہ ڈیاگو فرنینڈس اور 30 سالہ ڈینی بھی کسی مہمان کو شادی میں بلانے کی زحمت دیے بغیر اٹلی کے شہر نیپلز میں 20 مارچ کو ایک دوسرے کے ہوگئے۔

ہانگ کانگ میں ایک جوڑے نے شادی کی رجسٹریشن کے لیے 24 فروری کا دن چنا تھا۔ دونوں نے شادی کے موقع پر احتیاطی تدابیر کے طور پر کرونا وائرس سے بچنے کے لیے ماسک استعمال کیے۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی دو محبت کرنے والوں نے کرونا کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 8 اپریل کو نیا گھر بسا لیا۔