ہانگ کانگ میں مظاہرین کا ریفرنڈم کا فیصلہ

ہانگ کانگ میں مظاہرین حکومت کے خلاف سول نافرنی کی تحریک سے متعلق حکمت عملی کے لیے اتوار کو ریفرنڈم کروائیں گے۔

یہ ریفرنڈم اس مقام پر ہو گا جہاں مظاہرین احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مظاہرین چیف ایگزیکٹو لیونگ چن ینگ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔

ہانگ کانگ میں گذشتہ تین ہفتوں سے زائد حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔

طلبہ اور جمہوریت نواز گروپ اوکیوپائی سینٹرل پر مشتمل مظاہرین اس خطے میں مکمل طور پر آزادانہ انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ہانگ کانگ میں منگل کو حکومتی عہدیداروں اور مظاہرین کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئے تھے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بیجنگ 2017 میں ہونے والے مقامی انتخابات میں امیدواروں کی چھان بین سے متعلق اپنے فیصلے کو واپس لے۔

مظاہرین مونگ کاک کے علاقے میں سڑکوں پر دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔