آئس لینڈ کے ہزاروں سال پرانے گلیشیئر کی ’آخری رسومات‘

آئس لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک ماہر ارضیات کے مطابق ایک عشرے پہلے اس جگہ پر 'اوکجو کل' گلیشیئر ہوا کرتا تھا جو اب ختم ہو چکا ہے۔ گلیشیئر کے خاتمے پر الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور گلیشیئر کا باقاعدہ ’ڈیتھ سرٹیفکیٹ' بھی جاری کیا گیا ہے۔

’اوکجو کل‘ گلیشیئر پر یادگار قائم کرنے کے لیے تقریباً 100 افراد نے حصّہ لیا جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ یہ گلیشیئر مقامی لوگوں کے لیے ہزاروں سال سے پینے کے پانی کی فراہمی کا اہم ذریعہ تھا۔

گلیشیئر کے مقام پر نصب یادگار کو 'او کے' کا نام دیا گیا ہے۔ آئس لینڈ کے وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ہم ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو رونما ہوتا دیکھ رہے ہیں جس سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس وقت بہت کم ہے۔

’اوکجو کل‘ گلیشیئر چھ مربع میل سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا تھا۔ زیرِ نظر تصویروں میں سے ایک 1986 میں لی گئی تھی جب گلیشیئر پر برف موجود تھی جب کہ دائیں ہاتھ والی تصویر اگست 2019 کی ہے جس میں گلیشیئر ختم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

آئس لینڈ میں صفحۂ ہستی سے مٹ جانے والا یہ پہلا گلیشیئر ہے۔ آئس لینڈ کے ایک ماہرِ ارضیات سیگردسن کے مطابق اگلے 200 سال میں آئس لینڈ کے تمام گلیشیئر ختم ہو جائیں گے۔

آئس لینڈ میں واقع ’اوکجو کل‘ گلیشیئر ماحولیاتی تبدیلیوں سے پگھل کر مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔ یہ گلیشیئر مقامی لوگوں کے لیے ہزاروں سال سے پینے کے پانی کی فراہمی کا اہم ذریعہ تھا۔ گلیشیئر کو الوداع کہنے کے لیے مقامی لوگوں نے ایک تقریب کا اہتمام کیا اور ’اوکجو کل‘ کی ایک یادگار بھی بنائی گئی ہے۔