بھارت: امتحانات میں نقل کرنے پر سینکڑوں افراد گرفتار

فائل فوٹو

یہ کارروائی ایسی تصاویر اور وڈیو کلپ کے نشر ہونے کے بعد کی گئی جس میں والدین، رشتے داروں اور دوستوں کو ریاست بہار میں ایک امتحانی مرکز کی دیواروں کو پھلانگتے اور امتحان دینے والے اُمیدواروں کو جوابی پرچے فراہم کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

بھارت میں حکام نے ہفتہ کو شمالی ریاست بہار میں امتحان میں نقل کرنے کے ایک اسکینڈل میں ملوث تقریباً 300 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

ان افراد پر الزام کا تعلق میڑک کے امتحان سے ہے جس میں ملک بھر میں دس لاکھ سے زائد طلباء حصہ لے رہے ہیں۔ اس امتحان میں کامیابی ایک فرد کے تعلیمی مواقع اور سماجی رتبے کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ کارروائی ایسی تصاویر اور وڈیو کلپ کے نشر ہونے کے بعد کی گئی جس میں والدین، رشتے داروں اور دوستوں کو ریاست بہار میں ایک امتحانی مرکز کی دیواروں کو پھلانگتے اور امتحان دینے والے اُمیدواروں کو جوابی پرچے فراہم کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کچھ جوابی پرچوں کے کاغذی جہاز بنا کر ان کو کمرہ امتحان میں پہنچانے کے لیے اڑایا گیا۔

ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والی خبروں کے مطابق تقریباً 750 اُمیدواروں کو امتحانی مرکز سے باہر نکال دیا گیا۔

ریاست بہار کے وزیر تعلیم پرشانت کمار شاہی نے نقل اسکینڈل پر اپنے ردعمل کے جواب میں سوال کیا کہ "حکومت نقل کو روکنے کے لیے کیا کر سکتی ہے اگر والدین اور رشتے دار تعاون کرنے پر تیار نہ ہوں؟"۔

جبکہ والدین کا موقف ہے کہ اسکولوں میں قابل اساتذہ کی کمی کی وجہ سے طلباء کی امتحان کے لیے تیاری ناقص ہے۔