کشمیر پر تمام گروپوں سےبات چیت کےلیے تیار ہیں: سکریٹری داخلہ

مرکزی سکریٹری داخلہ جی کے پلئی نے، جنھوں نے گذشتہ دِنوں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کا دورہ کیا تھا، کہا ہے کہ حکومت وہاں کے تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے اور میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دوسرے لوگوں کے ساتھ تو پہلے ہی مذاکرات کر چکی ہے۔

اُنھوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ عمر فاروق اور یاسین ملک ، بقول اُن کے، مذاکرات کی اہمیت کو سمجھیں گے اور بات چیت کی میز پر واپس آئیں گے۔ جی کے پلئی نے سرکاری ٹیلی ویژن ‘دوردرشن’ کے ساتھ ایک انٹرویو میں یہ باتیں کہیں۔

اُنھوں نے سری نگر کی موجودہ صورتِ حال کے تعلق سے اُمید ظاہر کی کہ مقامی پولیس، نیم مسلح دستوں کے ساتھ مل کر صورتِ حال پر قابو پالے گی۔

سکریٹری داخلہ نے کہا کہ مقامی حکومت کے مطالبے پر وہاں فوج بھیجی گئی ہے جو کہ شہر کے باہر تعینات ہے اور گاڑیوں کے ذریعے نقل و حمل کر رہی ہے تاکہ یہ بتایا جاسکے کہ فوج تیار ہے۔ تاہم، اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ مقامی پولیس حالات پر قابو پانے کی اہل ہے۔

دریں اثنا، مرکزی وزیر فاروق عبد اللہ نے ہفتے کے روز وزیرِ داخلہ پی چدم برم سے ملاقات کی اور وادی کے حالات پر تبادلہٴ خیال کیا۔