بھارت کی جانب سے پاکستان کے لیے مزید دو کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان

بھارتی وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا

بھارت نے پاکستان کے لیے، جو کہ اِس خطے میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے دوچار ہے ، مزید دو کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے منگل کے روز پارلیمنٹ میں کیا۔

واضح رہے کہ اِس سے قبل بھارت نے 50لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا جسے پاکستان نے یہ کہتے ہوئے قبول کر لیا ہے کہ اُسے یہ امداد اقوامِ متحدہ کے توسط سے دی جائے۔

ایس ایم کرشنا نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفت کے باعث آنے والے اِس غیرمعمولی تباہی کے ٹھوس جائزے اور پاکستانی عوام کی فوری ضرورتوں کے پیشِ نظر حکومت نے پاکستان کو دی گئی 50لاکھ ڈالر کی امداد کو بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اُنھوں نے مزید بتایا کہ دو کروڑ ڈالر اقوامِ متحدہ کے پروگرام ‘پاکستان اِنیشل فوڈز ایمرجنسی ریسپونس پلان’ میں دیے جائیں گے اور باقی 50لاکھ ڈالر پاکستان میں امدادی کاموں کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام میں جائیں گے۔

ایس ایم کرشنا نے 13اگست کو اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران 50لاکھ ڈالرز کی امداد کی پیش کش کی تھی اور وزیرِ اعظم من موہن سنگھ 19اگست کو پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اپنے پڑوسی ملک کی مزید امداد کرنے کے لیے تیار ہے۔