بھارت اور سری لنکا کے مابین سات معاہدوں پر دستخط

بھارت اور سری لنکا نے بدھ کے روز سات معاہدوں پردستخط کیے اور سری لنکا میں ایل ٹی ٹی اِی کے خلاف جاری جنگ کے دوران بے گھر ہونے والے تاملوں کی آبادکاری سے متعلق اقدامات پر تبادلہٴ خیال کیا۔

یہ معاہدے نئی دہلی کے دورے پر آنے والے سری لنکا کے صدر مہندا راجا پکشے اور وزیرِ اعظم من موہن سنگھ کے مابین وفود کی سطح کے مذاکرات کے بعد کیے گئے۔

بات چیت کے دوران سری لنکا کے صدر نے تاملوں کی آبادکاری سے متعلق اقدامات سے بھارتی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ من موہن سنگھ نے آبادکاری کے عمل کو تیز کرنے اور تاملوں کو سیاسی اختیارات کی منتقلی پر زور دیا۔

دونوں ملکوں نے جِن شعبوں میں تعاون تیز کرنے پر معاہدے کیے ہیں اُن میں سلامتی، ترقی، توانائی، ریلوے اور سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے جیسے شعبے شامل ہیں۔

مہندا راجا پکشے بھارت کے چار روزہ دورے پر منگل کی شام دہلی پہنچے ہیں۔ بعد میں وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا اور وزیرِ مالیات پرناب مکھرجی نے بھی سری لنکا کے صدر سے علیحدہ علیحدہ تبادلہٴ خیال کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ مہندا راجا پکشے نے بھارتی رہنماؤں کو تاملوں کی آبادکاری کے سلسلے میں یقین دہانی کرائی ہے۔

اِس سے قبل، اُنھوں نے ایوانِ صدر میں صدر پرتیبھا پاٹل سے ملاقات کی جہاں اُن کا روایتی انداز میں خیر مقدم کیا گیا۔