انڈونیشیا میں بھی رویتِ ہلال پہ تنازع، عوام پریشان

انڈونیشیا میں بھی رویتِ ہلال پہ تنازع، عوام پریشان

دنیا میں سب سے بڑی مسلم آبادی کے حامل ملک انڈونیشیا میں دکان داروں اور عام شہریوں کو اس وقت سخت کوفت کا سامنا کرنا پڑا جب حکومت نے عین آخری لمحوں میں عید الفطر کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کر کے عوام کے جوش و خروش کو ٹھنڈا کردیا۔

دیگر مسلم ممالک کی طرح انڈونیشیا میں بھی مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے اختتام پر منائے جانے والے تہوار عید الفطر کی تیاریاں گزشتہ کئی روز سے جاری تھیں اور امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ انڈونیشیائی مسلمان بھی بیشتر مسلم اقوام کی طرح منگل کو عید منائیں گے۔

تاہم بدھ کو رات گئے حکام نے شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عید اب بدھ کو منائی جائے گی۔

حکومت کے اس اچانک اعلان سے جہاں گھریلو خواتین کو تہوار کی مناسبت سے تیار کیے گئے خصوصی پکوانوں کی فکر لاحق رہی وہیں کاروباری افراد کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انڈونیشیائی مسلمانوں کی پریشانی میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب مقامی محمدیہ فرقہ، جو انڈونیشیا کا دوسرا بڑا مسلک ہے، نے رویتِ ہلال کا اعلان کرتے ہوئے عیدالفطر منگل کو ہی منانے کا اعلان کیا۔