یوگا : صحت مند رہنے کا آسان طریقہ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہر سال 21 جون کو یوگا کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

بھارت یوگا کے حوالے سے سب سے زیادہ شہرت کا حامل رہا ہے۔ کئی سال سے یوگا پر باقاعدہ ٹی وی پروگرامز دکھائے جاتے ہیں جب کہ ریڈیو نشریات میں بھی یوگا کے طریقے بتائے جاتے ہیں اور اب تو آن لائن بھی اسے سیکھا اور سکھایا جا رہا ہے۔
 

اقوام متحدہ سے پہلی بار بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے یوگا کا عالمی دن منانے کا مطالبہ کیا تھا۔
 

یوگا کو جسمانی، ذہنی اور روحانی مشق کا دوسرا نام کا جاتا ہے۔ اس کا مقصد جسم اور ذہن کو ایک ہی نہج پر لانا ہے۔
 

بھارت میں یوگا کی تاریخ چھ ہزار سال پرانی بتائی جاتی ہے جب کہ اب یوگا پاکستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں مقبول ہو رہا ہے۔

طالبان کے دور اقتدار میں خواتین کی تعلیم اور گھر سے نکلنے تک پر پابندی تھی مگر اب افغان خواتین میں بھی یوگا کرنے اور اس فن کو سیکھنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

یوگا کے عالمی دن کے موقع پر امریکہ، برطانیہ، جاپان اور بھارت سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں خصوصی تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

یوگا سنسکرت زبان کے لفظ 'یوگ' سے ماخوذ ہے۔ ہندو مت کی روایات کے مطابق یہ ایک جسمانی اور روحانی نظم و ضبط کا نام ہے۔

دنیا کے کئی بڑے شہروں میں یوگا سینٹرز موجود ہیں جہاں ہر روز خواتین، مرد، نوجوان اور ادھیڑ عمر افراد یوگا سیکھتے اور گھنٹوں اس کی مشق کرتے ہیں۔