ایرانی مسافر بردارطیارہ گرکرتباہ:70 ہلاک

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے ایران کے ہلال احمر کے اہلکاروں کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثے میں 70 افراد ہلاک اور 32زخمی ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کو ایران ائر کا ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جسکے نتیجے میں 71افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طیارے میں ایک سوچھ مسافر سوار تھے جن میں سے دس عملے کے اراکین تھے۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے ایران کے ہلال احمر کے اہلکاروں کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثے میں 71 افراد ہلاک اور 32زخمی ہیں جن میں کچھ معمولی اور کچھ شدید زخمی ہیں۔

حادثہ ایران کے شمال مغربی شہرارومیہ کے قریب پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ گر کر دو حصوں میں تقسیم ہو گیا مگر اس میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔ ابھی تک حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے سے قبل بوئینگ 727 کے پائلٹ نے شہر کے قریب ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کی تھی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت موسم خراب تھا اور برف کی وجہ سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایران میں طیاروں کو کئی حادثات پیش آچکے ہیں اور اکثر اوقات یہ جہازوں کے پرانے ہونے اورمناسب دیکھ بھال کے فقدان کی وجہ سے ہوتے ہیں۔