اطالوی فٹ بال ٹیم یورپ کی نئی چیمپئن بن گئی

اٹلی نے انگلینڈ کو پینالٹی ککس پر دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر یورو کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

اطالوی ٹیم دوسری مرتبہ یورو کپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

اٹلی کی جانب سے پینالٹی ککس پر تین گول ہوئے جب کہ انگلش ٹیم صرف دو بار بال کو جال میں ڈال سکی۔

پچپن سال بعد کسی میگا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے والی انگلش ٹیم کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ 

انگلینڈ کی شکست پر اس کے مداح مایوس ہو گئے۔ 

دونوں ٹیموں کے درمیان اتوار کو لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا فائنل ابتدا سے ہی سنسنی خیز رہا۔

انگلینڈ کی جانب سے لیوک شا نے کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں 67ویں منٹ پر اٹلی کے لیونارڈو بینوچی نے گول کر کے میچ کا اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔

دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے لیکن کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کرسکی۔

مقررہ وقت کے اختتام تک میچ ایک ایک گول سے برابر رہابجس کے بعد پندرہ پندرہ منٹ کے دو ہاف کا اضافی کھیل ہوا جو بے نتیجہ رہا۔

ایونٹ کے فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا جس میں اٹلی کو کامیابی نصیب ہوئی۔

اٹلی کے شائقین نے ٹیم کی جیت پر خوب جشن منایا۔

اٹلی نے اس سے قبل 1968 میں یورو کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

اٹلی کی جیت پر اس کے مداحوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارک باد دی اور جشن منایا۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ اٹلی کے مداح یورو کپ کے فائنل میں ٹیم کی جیت پر جشن منا رہے ہیں۔