جاپان میں سمندری طوفان سے دو افراد ہلاک

بدھ کو نیوگوری نامی سمندری طوفان اوکی ناوا سے ٹکرایا اور اس دوران دو افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔ طوفان کی وجہ سے پچاس ہزار گھر بجلی سے بھی محروم ہیں۔

جاپان کے جنوبی جزائر اوکی ناوا میں طوفانی بارشوں کا سبب بننے والا سمندری طوفان اب ملک کے گنجان آبادی کے علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔

بدھ کو نیوگوری نامی سمندری طوفان اوکی ناوا سے ٹکرانے سے دو افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔ طوفان کی وجہ سے پچاس ہزار گھر بھی بجلی سے محروم ہیں۔

نیوگوری سمندری طوفان کے باعث اب بھی 162 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں لیکن اب پریشانی کا اصل سبب طوفان کے سبب ہونے والی شدید بارشیں ہیں۔

موسم کی پیشگوئی کرنے والوں نے خبردار کیا ہے کہ کیو اشو کے جزیرے پر جمعرات کی دوپہر تک 300 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے ایک عہدیدار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مٹی کے تودے گرنے اور شدید سیلاب سے تباہی ہو سکتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ " یہ ایک غیر معمولی صورت حال ہے جو کسی سنگین خطرے کا باعث بن سکتی ہے اور اس صورت حال میں یہ انہونی نہیں ہو گی کہ اب تک کوئی بڑی آفت پیش آ چکی ہو"۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سمندری طوفان جمعرات کو کیو اشو سے ٹکرانے کے بعد جاپان کے بڑے جزیرے ہونشو کی طرف بڑھے گا جہاں ٹوکیو اور اوساکا شہر واقع ہیں۔

جاپان میں عموماً ہر سال کئی سمندری طوفان آتے ہیں لیکن یہ معمول سے ہٹ کر پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ جولائی کے آغاز میں اس طرح کا طوفان نمودار ہوا ہے۔