شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں اور دکانداروں کے ازالے کی یقین دہانی

میران شاہ میں جرگہ

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور دکانداروں کا حکام کے ساتھ اتوار کے روز پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر میں ایک جرگہ ہوا جس میں شمالی وزیرستان کے تقریباً 30 دکانداروں کے علاوہ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متاثرہ دکانداروں کے نقصانات کے تخمینے کیلئے دو کمیٹیاں پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کی سربراہی میں تشکیل دی گئیں۔ کمیٹی میں متاثرہ دکانداروں کے نمائندے شامل ہونگے۔ جرگے کے اختتام پر شمالی وزیرستان کے تاجروں کی تنظیم کے سربراہ اجمل بلوچ نے انتظامیہ اور ریاستی اداروں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ دکانداروں کے ازالے تک کمیٹی کا اجلاس ہفتہ وار بنیادوں پر منعقد ہوگا۔ کچھ روز قبل شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں اور دکانداروں نے اسلام آباد میں ایک احتجاجی دہرنا دیا تھا ۔ مظاہرین نے احتجاج اعلیٰ حکام بالخصوص چیف آف آرمی سٹاف کی یقین دہانی پر ختم کیا تھا۔

15 جون 2014 کو عسکریت پسندوں کے خلاف اپریشن کے دوران شمالی وزیرستان کے دواہم قصبوں میران شاہ اور میر علی میں ہزاروں کی تعداد میں دکانیں اور مارکیٹیں مسمار ہوئی تھیں۔ بعد میں حکام نے وہاں پر جدید طرز کی مارکیٹ اور بازار تعمیر کئے۔ متاثرہ دکانداروں کا مطالبہ ہے کہ تعمیر شدہ مارکیٹوں اور بازاروں میں ان کو دکانیں الاٹ کی جائیں۔