کرد باغیوں کے حملے میں چھ ترک فوجی ہلاک

ترکی میں کرد باغیوں نے ایک فوجی چوکی پر حملہ کرکے چھ اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملہ عراق کی سرحد کے قریب حکقاری صوبے میں پیر کو کیا گیا اور اس میں کئی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترک سکیورٹی فورسز نے ہتھیاروں سے لیس ہیلی کاپٹروں کی مدد سے باغیوں کے خلاف جوابی کارروائی کی ہے البتہ اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق پیر ہی کے روز اسی علاقے میں فوجیوں کی ایک گاڑی کے قریب بم پھٹنے سے 11 اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ کرد باغیوں نے جون کے اوائل میں 14 ماہ سے جاری جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سے ان کی ترک فوج کے ساتھ جھڑپوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً چار ہزار کرد شدت پسندوں نے شمالی عراق کے پہاڑی سلسلے میں ٹھکانے قائم کر رکھے ہیں جہاں سے وہ جنوب مشرقی ترکی میں فوج پر باقاعدگی سے حملے کر رہے ہیں۔

1984ء میں شروع ہونے والی اس بغاوت میں اب تک 40,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔