لیبریڈور کتے نے اٹارنی جنرل کے دفتر میں حلف اٹھا لیا

Labrador Hatty

شکاگو کے ریاستی اٹارنی کے دفتر میں اس ہفتے منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں ایک لیبروڈور کتے نے حلف ٹھا لیا۔

حلف اٹھانے والا اس مرتبہ انسان کے بجائے لیبروڈور نسل کا کتا تھا، جس کا نام ہیٹی ہے۔

دو سالہ ہیٹی عام انسانوں کی طرح صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ڈیوٹی انجام دے گا۔ اس کتے کے فرائض منصبی میں لوگوں کو راحت پہنچانا اور محبت کا اظہار کرنا ہے۔

ہیٹی ایسے کم عمر لڑکوں اور لڑکیوں کے ذہنی دباؤ میں کمی کرنے کی کوشش کرے گا جنہیں فوجداری مقدمات کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ایسے نفسیاتی اور ذہنی مریضوں کی پریشانیوں کو کم کرنے میں بھی مدد دے گا جو حملوں کا شکار ہوئے۔

بتایا جاتا ہے کہ اس کی ذمہ داریوں میں سال بھر میں 200 کے لگ بھگ کیسز میں مدد فراہم کرنا شامل ہے۔

ہیٹی جذباتی بحران کا شکار ہونے والوں کو سپورٹ فراہم کرنے والا پہلا کتا ہے جس کی تربیت میں جیل کے قیدیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

حلف اٹھانے کی اس خصوصی تقریب کی صدارت کُک کاؤنٹی کی اٹارنی کم فوکس نے کی۔

تقریب میں ہیٹی نے اپنی پچھلی ٹانگوں پر کھڑے ہو کر اگلے دونوں پاؤں میز پر رکھی ہوئی قانون کی ایک کتاب کے قریب رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھایا۔