سیکورٹی خدشات، پوجا بھٹ اور مہیش بھٹ کا دورہ منسوخ

بالی ووڈ ڈائریکٹر مہیش بھٹ اور ان کی ڈائریکٹر اور ایکٹریس بیٹی، پوجا بھٹ، جنہیں جمعہ کی صبح لاہور پہنچنا تھا انہیں آخری وقت تک سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے دونوں فنکاروں کو لاہور کی ٹکٹیں عین وقت پر منسوخ کرانا پڑیں

’کراچی لٹریچر فیسٹیول‘ کے بعد ’لاہور لٹریری فیسٹیول‘ بھی بھارتی فنکاروں اور ادیبوں کی شرکت کے سبب عوام کے لئے دلچسپی کا بڑا سبب بنا ہوا تھا۔ مگر، اب لگتا ہے کہ فیسٹیول کی رونقیں شاید کچھ ماند پڑ جائیں۔

بالی ووڈ ڈائریکٹر مہیش بھٹ اور ان کی ڈائریکٹر اور ایکٹریس بیٹی، پوجا بھٹ جنہیں جمعہ کی صبح لاہور پہنچنا تھا انہیں آخری وقت تک سیکورٹی کلیئرنس نہیں مل پائی، جس بنا پر دونوں فنکاروں کو لاہور کی ٹکٹیں عین وقت پر منسوخ کرانا پڑیں۔

مہیش بھٹ نے نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کو فون پر دیئے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے پاس پاکستان کا ملٹی پل ویزا ہے۔ ’’لیکن، فیسٹیول کی انتظامیہ کو سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے وہ پاکستان کا سفر کرنے سے قاصر ہیں۔“

دوسری جانب، لاہور لٹریری فیسٹیول کے ساتھ ایک کے بعد ایک مسئلہ کھڑا ہو رہا ہے۔ پہلے انعقاد کے لئے ’این او سی‘ کا حصول مسئلہ بنا، پھر مقام تبدیل ہوا۔

بقول منتظمین، یہ مسئلے ابھی حل ہوئے ہی تھے کہ انعقاد کے لئے پہلے سے طے تین دنوں کو دو روز تک محدود کرنا پڑا۔ اب مہیش بھٹ اور پوجا بھٹ نہ آنا کسی دھچکے سے کم نہیں۔