مالی میں مسلح افراد کا حملہ، دو غیر ملکیوں سمیت چار ہلاک

فائل فوٹو

حکام کے مطابق مسلح افراد نے خودکار ہتھیاروں اور دستی بم سے دارالحکومت بماکو میں ایک ’ریسٹورنٹ‘ پر حملہ کیا۔

مغربی افریقی ملک مالی کے دارالحکومت میں مسلح افراد نے ایک ’ریسٹورنٹ‘ پر حملہ کر کے چار افراد کو ہلاک کر دیا جن میں فرانس اور بیلجئیم کا ایک ایک شہری شامل ہے جب کہ مارے جانے والے دیگر دو مالی کے باشندے ہیں۔

حکام کے مطابق مسلح افراد نے خودکار ہتھیاروں اور دستی بم سے دارالحکومت بماکو میں ایک ’ریسٹورنٹ‘ پر حملہ کیا۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹز‘ نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک معروف ریسٹورنٹ ’لا ٹریسیے‘ پر حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں دو افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ اس حملے کے محرکات کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔

جس علاقے میں یہ حملہ کیا گیا وہاں کا کنٹرول سکیورٹی فورسز نے سنھبال لیا۔

مالی کے شمالی علاقوں میں تشدد کے واقعات ہوتے رہے ہیں لیکن دارالحکومت بماکو نسبتاً پرامن ہے۔

فرانسیسی فورسز نے القاعدہ سے منسلک علیحدگی پسند باغیوں سے دو سال قبل مالی کے شمالی علاقوں سے قبضہ چھڑا لیا تھا لیکن شدت پسند اب بھی چھپ پر اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مالی کی حکومت نے لڑائی کے خاتمے کے لیے گزشتہ اتوار کو امن معاہدے کی عبوری تجاویز پر دستخط کیے تھے لیکن باغیوں نے کہا تھا کہ اس مجوزہ معاہدے پر اتفاق کے لیے اُنھیں مزید وقت درکار ہے۔​