مالی کے طوراق باغیوں نے اپنی عسکری کارروائیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے

مالی کے شمال میں طوراق باغیوں نے ، جنہوں نے ایک تیز زفتار حملے میں تین قصبوں پر قبضہ کرلیاتھا، اپنی عسکری کارروائیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ازواد کی آزادی کے لیے قوم پرستوں کی تحریک نے، جسے ایم این ایل اے بھی کہاجاتاہے، جمعرات کو یہ کہتے ہوئے فائربندی کا اعلان کیا کہ انہوں نے اپنے مقاصد حاصل کرلیے ہیں۔

طوراق با غیوں نے اسلام پسند جنگجوؤں کے ساتھ مل کر گذشتہ جمعے کو شروع کیے گئے اپنے حملے میں تین زور کے اندر کیدرل، گاؤ اور تمبکتو پر قبضہ کرلیا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اسلامی عسکریت پسند تنظیم انصار دین ، جس نے باغیوں کے ساتھ لڑائی میں حصہ لیا تھا، جنگ بندی کی ہے یا نہیں۔

القاعدہ کی شمالی افریقہ کی شاخ سے منسلک اس تنظیم نے کچھ علاقوں میں اسلامی قوانین نافذ کررکھے ہیں۔

طوراق باغی تنظیم شمالی علاقوں کی آزادی کی خواہش مند ہے۔

جمعرات کو فرانسیسی وزیر خارجہ ایلن جوپے نے خبردار کیا تھا کہ طوراق باغیوں کا مسئلہ صرف بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے نہ کہ فوجی قوت کے ذریعے۔