لاپتا ہوائی جہاز کے مسافروں کے رشتے دار کسی خبر کے منتظر

طیارے کے مسافروں کے عزیز رشتے دار نم آنکھوں کے ساتھ کسی بھی طرح کی معلومات کے منتظر ہیں

بوئنگ بی 777 طیارے پر عملے کے 12 ارکان سمیت 239 افراد سوار تھے۔

ملائشین ائر لائنز کے اس طیارے پر سفر کرنے والوں کے عزیز رشتے دار تاحال کوئی حتمی معلومات حاصل نہیں کر پائے۔

ملائیشیئن انٹیلی جنس ایجنسیاں مسافروں کی پوری فہرست کا جائزہ لے رہی ہیں اور بین الاقوامی ایجنسیوں بشمول امریکہ کی ایف بی آئی سے بھی رابطے میں ہیں۔

ہفتہ کو کوالالمپور سے بیجنگ جانے والا مسافر طیارہ دوران پرواز لاپتا ہو گیا تھا جس کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

تاحال مسافر طیارے کی قسمت کے بارے میں کوئی حتمی و سرکاری خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

ملائیشیا کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے کہا کہ طیارے کی تلاش کے لیے ہر وہ کوشش کی جا رہی ہے جو ہمارے بس میں ہے۔

حکام کے مطابق ہفتہ کی صبح دو بج کر چالیس منٹ پر ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے اُڑان بھرنے کے دو گھنٹوں بعد ہی طیارے سے ہر طرح کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

ملائیشیا ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد یحییٰ کے مطابق جہاز پر 14 ممالک کے شہری سوار تھے جن میں چین کے 152، ملائیشیا کے 38، انڈونیشیا کے 12، آسٹریلیا کے چھ اور امریکہ کے تین شہری شامل ہیں

بتایا جا رہا ہے کہ آخری بار اس جہاز سے جنوبی بحیرہ چین پر اڑتے ہوئے رابطہ ہوا تھا جس کے بعد اس کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔