کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ

فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اپنے کارکنوں کے قتل کیخلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منایا جارہاہے۔
پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اپنے کارکنوں کے قتل کے خلاف جمعرات کو یوم سوگ منایا جارہا ہے۔

گزشتہ روزکراچی کے علاقے ملیر میں ایم کیو ایم کے 4 کارکنوں کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

یوم سوگ اور ہڑتال کے باعث پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروبار زندگی مفلوج ہے
۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی یوم سوگ کی حمایت کرتے ہوئے سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ لانے کا اعلان کیا تھا جس کے باعث ٹریفک کی روانی انتہائی کم دکھائی دے رہی ہے۔

کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر،گھوٹکی، جیکب آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی ہڑتال اور یوم سوگ منایاجارہاہے اور تمام کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں۔ جمعرات کو کالج اور یونیورسٹیوں میں ہونےوالے تمام امتحانی پرچے بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔

ایم کیو ایم کی جانب سے گزشتہ روز قتل ہونےوالے کارکنوں کی لاشوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا تھا جس میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے کارکنوں کے اغوا اور قتل کا سلسلہ بند کیاجائے اور قاتلوں کو فوری گرفتار کیاجائے۔