تصاویر: طوفان 'نیٹ' امریکی ساحل سے ٹکرا گیا

'نیٹ' گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران امریکہ کی جنوبی ریاستوں سے ٹکرانے والا تیسرا سمندری طوفان تھا۔

طوفان ہفتے کی شب لوزیانا اور اتوار کی صبح مسی سپی کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا جس کے بعد وہ شمال کی جانب الاباما اور جارجیا کی جانب بڑھ گیا ہے۔

'کیٹگری ون' شدت کے اس طوفان کے باعث امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں۔ البتہ ان ریاستوں سے ٹکرانے والے گزشتہ دو طوفانوں –ہاروے اور ارما – کی نسبت نیٹ سے کہیں کم نقصان ہوا ہے۔

نیٹ کے باعث مسی سپی کے بعض نشیبی ساحلی علاقے زیرِ آب آئے ہیں ۔ نیٹ 2005ء میں آنے والے بدترین طوفان کترینہ کے بعد مسی سپی کے ساحل سے ٹکرانے والا پہلا طوفان ہے۔

'نیٹ' کے باعث تاحال کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ البتہ کئی مقامات پر رہائشی اور کاروباری عمارتوں کو درخت گرنے اور پانی داخل ہوجانے سے نقصان پہنچا ہے۔

البتہ طوفان نے امریکہ پہنچنے سے قبل وسطی امریکہ کو نشانہ بنایا تھا جہاں اس کے باعث ہونے والے حادثات میں 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

حکام کے مطابق 'نیٹ' کے باعث امریکی ریاستوں مسی سپی، الاباما، لوزیانا اور فلوریڈا کے تقریباً ایک لاکھ رہائشیوں کو بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی ہے جس کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔

لوزیانا کے ساحلی علاقوں میں آباد لوگوں نے اپنی کشتیاں محفوظ کرنے کے لیے وائلیٹ کینال کا رخ کیا، جہاں دور دور تک کشتیاں ہی کشتیاں دکھائی دے رہی ہیں۔

طوفان سے قبل لوزیانا کے مشہور ساحلی شہر نیو اورلینز میں میئر نے شہر بھر میں رات کا کرفیو نافذ کردیا تھا۔ لیکن طوفان نیو اورلینز سے ٹکرائے بغیر ہی آگے نکل گیا۔