نیٹو قافلے پر حملے میں اٹھارہ ٹرک نذر آتش

(فائل فوٹو)

پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ مسلح افراد نے پیر کے روز دور دراز جنوب مغربی ضلع مستونگ سے گزرنے اُس قافلے پر حملہ کر کے اٹھارہ ٹرکوں کو نظر آتش کر دیا جو افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے ایندھن لے کر جا رہا تھا۔

اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اسی علاقے سے جمعہ کو گزرنے والے نیٹو کے ایک قافلہ پر حملہ کر کے پانچ ٹرکوں کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔

نیٹو افواج کو پاکستان کے راستے رسد پہنچانے والے قافلوں پر ایسے حملے حالیہ چند سالوں میں معمول بن چکے ہیں جبکہ بعض اوقات ان واقعات میں کئی ٹرک ڈرائیور اور ان کے ساتھیوں کو بھی حملہ آور ہلاک کرچکے ہیں۔

نیٹو افواج کے لیے چالیس فیصد رسد پاکستان کے راستے جبکہ چالیس افغانستان کےشمالی ہمسایہ ملکوں کے راستے بھیجی جاتی ہےاور باقی بیس فیصد کی ترسیل فضائی راستوں سے کی جاتی ہے۔