میمو اسکینڈل: حزب مخالف کی درخواست سماعت کے لیے منظور

میمو اسکینڈل: حزب مخالف کی درخواست سماعت کے لیے منظور

سپریم کورٹ نے امریکی حکومت کو لکھے گئے مبینہ خط کے خلاف حزب مخالف کے ایک رہنما کی طرف سے دائر کردہ درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔

مسلم لیگ ن نے پاکستان کی فوجی قیادت کی برطرفی کے لیے امریکی حکومت کو خفیہ ذرائع سے بھیجے گئے خط پر پیدا ہونے والے تنازع کے حقائق جاننے کی غرض سے گزشتہ ہفتےعدالت عظمٰی میں یہ آئینی درخواست دائر کی تھی۔

پارٹی کے سربراہ میاں نواز شریف کی طرف سے دائر کی گئی اس درخواست میں اس معاملے کی فوری سماعت کی استدعا کی گئی اور اس میں وفاق، صدر آصف علی زرداری، خارجہ سیکرٹری سلمان بشیر، واشنگٹن میں سابق سفیر حسین حقانی کے علاوہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق کیانی، آئی آیس آئی کے ڈائریکٹر جنرل احمد شجاع پاشا اور ’میموگیٹ‘ اسکینڈل کے ایک اہم کردار پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت منصور اعجاز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔