نیپال میں زلزلے سے تباہی، امدادی کارروائیاں جاری

نیپال میں دو روز قبل آنے والے طاقتور ترین زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 3600 سے تجاوز کر گئی ہے۔

ہفتہ کی دوپہر 7.8 شدت کے زلزلے کا مرکز دارالحکومت کٹھمنڈو سے 80 کلومیٹر شمال مغرب میں پوکھار کے علاقے میں تھا۔

تین کروڑ آبادی والے ملک نیپال کے مقامی حکام نے 75 میں سے 35 اضلاع کے زلزلے سے متاثر ہونے کا بتایا ہے۔

نیپال میں اس سے قبل 1934ء میں آنے والے 8.3 شدت کے زلزلے میں دس ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مواصلات کا نظام اور سڑکیں تباہ ہونے کی وجہ سے دیگر علاقوں تک رسائی میں امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اتوار کو نیپال میں چھ اعشاریہ سات کی شدت سے آنے والے آفٹر شاکس نے متاثرین کو مزید خوفزدہ کر دیا ہے۔

نیپالی حکام کے  مطابق لاتعداد افراد زلزلے سے زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

زلزلے کی وجہ سے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ بھی لرز اٹھی اور یہاں برفانی تودے گرنے سے 18 کوہ پیما ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔