ایک عظیم کوہ پیما کا دوسرے عظیم کوہ پیما کو خراجِ عقیدت

ماؤنٹ ایوریسٹ

وہ کوہ پیما جس نے دنیا میں سب زیاد مرتبہ دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ کو سر کیا، مئى کے مہینے میں ایک خاص مقصد کے لیے ایک بار پھر اُسی راستے پر سفر کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

نیپالی شرپا اَپا نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ ماؤنٹ ایوریسٹ کو پہلی بار سر کرنے والے کوہ پیما ایڈ منڈ ہلری کی راکھ کو اُسی چوٹی پر بکھیرنے کے لیے 20 ویں بار ایورسٹ پر جائیں گے۔

اَپا نے کہا ہے کہ وہ آٹھ ہزار850 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ پر پہنچ کر ہلری کی راکھ بکھیریں گے اور اُن کے لیے دعا کریں گے۔

2008 ء میں ایڈمنڈ ہلری کی وفات کے بعد اُن کی کچھ راکھ اُن کے وطن نیوزی لینڈ میں بکھیر دی گئى تھی۔ لیکن کچھ راکھ کوماؤنٹ ایوریسٹ پر بکھیرنے کے لیے نیپال کے ایک راحب خانے میں محفوظ رکھا گیا تھا۔

سر ایڈمنڈ ہلری نے ماؤنٹ ایوریسٹ کو نیپالی شرپا تَین سنگ نَورگے کے ہمراہ 1953 میں 29 مئى کو سَر کیا تھا۔

اَپا، جو اب امریکہ کی ریاست یُوٹا میں رہتے ہیں 1989 میں ایوریسٹ پر اپنی پہلی کامیاب چڑھائى کے بعد تقریباً ہر سال دنیا کی اس بلند ترین چوئى کو سر کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس بار وہ اور کوئى درجن بھر دوسرے کوہ پیما جب ماؤنٹ ایوریسٹ پر جائیں گے تو وہ اُس ہزاروں کلو گرام کوڑے کرکٹ کو بھی وہاں سے ہٹائیں گے جو وہاں برسوں سے جمع ہو رہا ہے۔

بیشتر کوہ پیما مئى کے آخر میں جب دن لمبے ہوتے ہیں اور موسم نسبتاً گرم ہوتا ہے، اس پُر شکوہ پہاڑ کا رُخ کرتے ہیں۔