شمالی کوریا کا میزائل تجربہ ناکام

سیول میں ٹی وی پر پیانگ یانگ کے میزائل تجربے کی خبر نشر ہو رہی ہے۔

جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے اتوار کو علی الصبح کیا گیا میزائل تجربہ 'ناکام خیال کیا جاتا ہے'۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اس تجربے کی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور فوری طور پر یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ ساحلی شہر سنپو سے داغا گیا میزائل کس نوعیت کا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے مشیر خارجہ برائے پالیسی کی طرف سے کہا گیا کہ یہ میزائل درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا تھا لیکن پرواز کے چار سے پانچ سیکنڈ بعد ہی یہ پھٹ گیا۔

اس تجربے سے ایک روز قبل ہی شمالی کوریا نے اپنے دارالحکومت میں منعقدہ بڑی فوجی پریڈ کا اہتمام کیا تھا جسے دیگر ملکوں نے کم جونگ اُن کی حکومت کی طرف سے اپنی قوت کے اظہار کے طور پر دیکھا۔

جنوبی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'یونہاپ' کا کہنا تھا کہ سیول کے قومی سلامتی کے سربراہ نے کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

پیانگ یانگ کی فوجی سامان حرب کی پریڈ پر واشنگٹن کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اتوار کو ناکام میزائل تجربے کے کچھ دیر بعد بحرالکاہل میں امریکی کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ میزائل داغے جانے کے فوراً بعد ہی پھٹ گیا۔

بیان میں ایک بار پھر واشنگٹن کی طرف سے اپنے اتحادیوں خصوصاً جنوبی کوریا اور جاپان کے ساتھ سلامتی کے معاملات پر ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔