نیوکلیئر لائبلٹی بِل 18ترمیمات کے ساتھ پارلیمنٹ میں پیش

بھارتی پارلیمنٹ

بھارتی حکومت نے حزبِ اختلاف کے اعتراضات کے آگے جھکتے ہوئے نیوکلیئر لائبلٹی بِل میں 18ترمیمات کرنے کے بعد بدھ کے روز اِسے پارلیمنٹ میں پیش کردیا۔

وزیرِ مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی پرتھوی راج چوہان نے بِل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ترمیم کرکے اصل حزبِ اختلاف بھارتیا جنتا پارٹی اور بائیں بازو کی تشویش کو دور کردیا ہے۔ یہ بِل جوہری حادثات کی صورت میں معاوضے اور جوابدہی کے تعین سے متعلق ہے۔

بِل پیش کرنے سے قبل، حکومت اور اپوزیشن کے مابین گہرا تبالہٴ خیال کیا گیا اور اپوزیشن کے اطمینان کے بعد اِسے پیش کیا گیا ہے۔ اب بِل کے منظور ہونے کا راستا صاف ہوگیا ہے۔پرتھوی راج چوہان نے اِس اتفاقِ رائے کو عدیم المثال قرار دیا۔

واضح رہے کہ حکومت امریکی صدر براک اوباما کے دورہٴ بھارت سےقبل اِسے منظور کرا لینا چاہتی ہے کیونکہ بھارت امریکہ جوہری تعاون معاہدے کے نفاذ کے تعلق سے اِس کی زبردست اہمیت ہے۔