ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاٹری ساؤتھ کیرولائنا کے ایک شخص نے جیت لی

سمپسن ول کا وہ سٹور جہاں سے خریدے گئے لاٹری ٹکٹ پر ڈیڑھ ارب ڈالر کا پہلا انعام نکلا۔ 24 اکتوبر 2018

ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاٹری میں ٹکٹ کے نمبر ملنے کا امکان تین ارب میں سے صرف ایک کا تھا۔ اور وہ ایک خوش قسمت ایک چھوٹے سے قصبے میں رہتا ہے اور خدشات کے پیش نظر اس نے اپنا نام پوشیدہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کے روز امریکہ کی ایک ڈیڑھ ارب ڈالر سے زیادہ کی لاٹری ایک خوش نصیب نے جیت لی۔ عہدے داروں نے بتایا ہے کہ لاٹری کی مالیت ایک ارب 53 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہے۔

لاٹری جیتنے والے کا تعلق ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے ایک قصبے سمپسن ول سے ہے جس نے وہاں کے ایک گراسری اسٹور سے لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا۔

سپمسن ول کی آبادی تقریباً 22 ہزار ہے۔ اور یہ ریاست کے ایک اہم شہر گرین ول سے لگ بھگ 14 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

قصبے کے لوگوں میں اس تاریخی جیت پر بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ لیکن لاٹری جیتنے والے نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عہدے داروں کا کہنا تھا کہ جیت کا امکان تین ارب میں صرف ایک کا تھا۔ انعامی رقم کو امریکی تاریخ کی سب سے بڑی لاٹریوں میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل جنوری 2016 میں ایک خوش قسمت شخص نے ایک ارب 58 کروڑ اور 60 لاکھ ڈالر کی لاٹری جیتی تھی۔

لاٹری جیتنے والا اگر یک مشت رقم لینا چاہے تو اسے صرف 87 کروڑ 78 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ اگر وہ پورا انعام لینے کا فیصلہ کرتا ہے تو اسے یہ رقم 29 سال کی قسطوں میں ادا کی جائے گی۔

جیتنے والی ٹکٹ کے نمبر 5، 28، 62، 65 اور 70 تھے۔ یہ نمبر منگل کی رات ہونے والے ڈرا میں سامنے آیا۔

دوسرے انعام کا حق دار 36 افراد کو ٹہرایا گیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کے حصے میں تقریباً 10 لاکھ ڈالر فی کس آئیں گے۔