پاکستان میں تعلیم سے محروم بچوں کی تعداد اڑھائی کروڑ

تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم الف اعلان کی ایک رپورٹ مطابق پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے تعلیم کے حق سے محروم ہیں۔

حصول تعلیم سے محروم ان بچوں کی عمریں پانچ سے سولہ سال کے درمیان ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اسکول سے باہر ان بچوں میں سے 55 فیصد لڑکیاں ہیں۔

پاکستان میں اسکول نہ جانے والے بچوں کی یہ ایک بڑی تعداد ہے۔

رپورٹ کے مطابق زیادہ تر لڑکے اور لڑکیاں اسکول میں داخل ہونے کے بعد خود ہی بعد میں تعلیم کا سلسلہ منقطع کر دیتے ہیں۔

پاکستان میں تقریباً 29 فیصد لڑکیاں اس وجہ سے اسکول جانا چھوڑ دیتی ہیں کیوں کہ اُن کے والدین چاہتے ہیں کہ وہ اُن کا ہاتھ بٹائیں۔

ملک میں تعلیم سے محروم بچوں میں سے نصف کا تعلق پنجاب سے ہے جو آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔

بلوچستان میں اسکول جانے والے بچوں میں 66 فیصد جب کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے میں 62 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔