تمام اہل ووٹروں کا اندارج یقینی بنانے پر زور

فخر الدین جی ابراہیم (فائل فوٹو)

فخرالدین جی ابراہیم نے کہا کہ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح ہے۔
پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے وکلاء برادری سے انتخابی فہرستوں میں رائے دہندگان کے اندراج کے عمل میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

کراچی میں جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے فخرالدین جی ابراہیم نے کہا کہ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح ہے۔

’’ووٹ کے ذریعے تبدیلی لانے کے لیے قوم کے پاس یہ آخری موقع ہے اور عوام کو جمہوریت کی بقا کے لیے ووٹ کا حق استعمال کرنا چاہیئے۔‘‘

نئی کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی تیاری کا عمل گزشتہ ماہ مکمل کر لیا گیا تھا اور الیکشن کمیشن نے اٹھارہ سال سے زائد تمام پاکستانیوں کا نام ووٹر لسٹوں میں شامل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں سے بھی اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔