معروف عارفانہ گائیک اقبال باہو انتقال کرگئے

پاکستان کے عارفانہ کلام کے معروف گلوکار اقبال باہو ہفتہ کی صبح لاہور میں انتقال کرگئے ان کی عمر68 برس تھی۔

ان کا اصل نام محمد اقبال تھا اور وہ غیر منقسم ہندوستان کے علاقے گورداسپور میں پیدا ہوئے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ ان کا خاندان لاہور منتقل ہوگیا۔

صوفی بزرگ شاعر سلطان باہو کے کلام کو جس خوش گلوئی سے وہ پیش کیا کرتے تھے یہ ان ہی کا خاصہ تھا اور پھر یہ نہ صرف ان کی اصل شناخت بنا بلکہ نام کا حصہ بھی ٹھہرا۔

کلام باہو، ہیر، سیف الملوک کے علاوہ دیگر صوفی شعرا کی شاعری کی گائیکی میں انھیں مہارت حاصل تھی جسے وہ جب اپنے مخصوص انداز میں گاتے تو سامعین متاثر ہوئے بغیر نہ سکتے۔

اقبال باہو ایک ریٹائرڈ بینکار تھے۔ انھوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ، تین بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔