پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے دی

فائل فوٹو

وارم اپ میچ میچ میں صہیب مقصود کی شاندار بیٹنگ کے بدولت پاکستان نے 247 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں حاصل کیا جب کہ اس کی ابھی تین وکٹیں باقی تھیں۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

پیر کو سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.5 اوورز میں پوری ٹیم 246 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے محمد اللہ اور تمیم اقبال نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 83 اور 81 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عرفان نے پانچ، یاسر شاہ نے دو جب کہ سہیل خان اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

247 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی بیٹنگ شروع کی تو ابتدا ہی میں اسے بلے باز سرفراز احمد اور احمد شہزاد کی صورت میں صرف آٹھ رنز کے مجموعی اسکور پر نقصان اٹھانا پڑا۔

یونس خان اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور اسکور کو 103 تک پہنچا دیا۔ یونس خان 25 رنز بنا کر تسکین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ حارث 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

صہیب مقصود کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے یہ ہدف 48.1 اوورز میں حاصل کیا انھوں نے 93 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مرتضیٰ اور تسکین نے دو، دو جب کہ حسین، شکیب اور محمد اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اپنا دوسرا وارم اپ میچ 11 فروری کو انگلینڈ کے خلاف سڈنی میں کھیلے گا۔