فلپائن: 27 ہلاکتوں کے بعد سمندری طوفان کی شدت میں کمی

فلپائن میں دو روز قبل آنے والے سمندری طوفان ہاگوپٹ کی شدت میں منگل کو بتدریج کمی آ رہی ہے۔

یہ طوفان کئی علاقوں میں تباہی مچانے کے علاوہ 27 لوگوں کی زندگیاں بھی نگل چکا ہے۔

طوفان کے پیش نظر پہلے ہی تقریباً 17 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

ہاگوپٹ نامی طوفان کی وجہ سے کئی مکانوں کی چھتیں اڑ گئی اور تمام ساحلی صوبوں میں بجلی کا نظام درھم برہم ہو گیا۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی موسم بہتر اور راستے کھلیں گے فضائی امدادی کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔

حکام کے مطابق ابھی دور دراز علاقوں میں ہونے والی کسی تباہی کا اندازہ کرنے میں وقت لگے گا۔

ہاگوپٹ کے باعث چلنے والی ہواؤں کی رفتار 210 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی۔

یہ طوفان گزشتہ برس آنے والے سمندری طوفان 'ہائیان' جتنا شدید تو نہیں تھا لیکن یہ بھی خاصی تباہی کا باعث بنا ہے۔