پی ایس ایل فائیو: لاہور قلندرز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آزمائش درپیش

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں اب تک پانچ میچز کھیلے ہیں جس میں تین میں اسے کامیابی اور دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ (فائل فوٹو)

پاکستان سپر لیگ کا 16 واں میچ منگل کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔

قذافی اسٹیڈیم میں یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہو گا۔

پاکستان سپر لیگ کے رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایک دوسرے سے پنجہ آزمائی کریں گی۔ تاہم سیزن تین اور چار میں دونوں ٹیمیں دو دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں۔

دونوں ٹیموں کا جیت کا تناسب برابر ہے، یعنی آخری دو سیزن میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو دو مرتبہ کامیابی سمیت چکی ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں اب تک پانچ میچز کھیلے ہیں جس میں تین میں اسے کامیابی اور دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح لاہور قلندرز اب تک تین میچز کھیل چکی ہے اور تینوں میں اسے ناکامی ہوئی۔

پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز بغیر کسی پوائنٹ کے آخری نمبر پر ہے۔

کوئٹہ آج جن بیٹسمین پر انحصار کرے گا ان میں جیسن رائے سرِ فہرست ہیں جنہوں نے اب تک کھیلے گئے پانچ میچز میں 34 کی اوسط سے 170 رنز بنائے ہیں۔

کوئٹہ کے بالرز کا ذکر کریں تو محمد حسنین کا نام سب سے پہلے آتا ہے۔ وہ اب تک کھیلے گئے پانچ میچز میں نو وکٹیں لے چکے ہیں۔

اسی طرح لاہور قلندرز بیٹنگ کے شعبے میں محمد حفیظ اور بالنگ کے لیے شاہین آفریدی پر انحصار کرے گا۔ شاہین تین میچز میں چھ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جب کہ محمد حفیظ نے تین میچز میں 37 اعشاریہ 67 کی اوسط سے 113 رنز بنائے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، شین واٹسن، احمد شہزاد، جیسن رائے، اعظم خان، احسن علی، بین کٹنگ، محمد نواز، نسیم شاہ، محمد حسنین، فواد احمد، ٹائمل ملز، انور علی، عبدالناصر، سہیل خان، خرم منظور، کیمو پال، آرش علی اور زاہد محمود شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: کپتان سہیل اختر، کرس لین، فخر زمان، بین ڈنک، محمد حفیظ، فیضان خان، ڈین ویلاس، سلمان بٹ، شاہین شاہ آفریدی، ڈیوڈ ویزے، حارث روف، عثمان شنواری، سمت پٹیل، پرسننا، زاہد علی، راجہ فرزان اور دلبر حسین۔