ملکہ برطانیہ کی 'شاہی بگھی' سے 'گھڑ سواری' پر واپسی

ملکہ برطانیہ 10 ہفتوں سے آئسولیشن میں تھیں اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث اتوار کو پہلی مرتبہ وہ گھڑ سواری کرتی نظر آئیں۔

ملکۂ برطانیہ الزبتھ سفر کے لیے شاہی بگھی یا جدید کاروں کا استعمال کرتی ہیں لیکن وہ ایک مرتبہ پھر گھڑ سواری کرنے لگی ہیں۔ اس تبدیلی کا سبب کرونا وائرس کی وبا بتایا جاتا ہے۔

اتوار کو انہوں نے ونڈسر ہوم پارک میں گھڑ سواری کی جس کی بکھنگم پیلس نے باقاعدہ تصویر بھی جاری کی ہے۔

گھڑ سواری کے دوران ملکۂ برطانیہ نے ہیلمٹ کے بجائے رنگین اسکارف اور اونی جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 94 سالہ ملکہ وبائی مرض کے سبب پچھلے 10 ہفتوں سے اپنے 98 سالہ شوہر شہزادہ فلپ کے ساتھ مغربی لندن میں واقع ونڈسرکیسل میں مقیم ہیں۔

اتوار کو وہ پہلی مرتبہ ایک منفرد انداز میں عوام کے سامنے آئیں۔

ملکہ اب تک آئسولیشن میں تھیں لیکن لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث اتوار کو وہ گھڑ سواری کرتی نظر آئیں۔

اس سے قبل ​21 اپریل کو انہوں نے اپنی سالگرہ بھی منائی تھیی جس میں ہائی ٹیک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ان کے دیگر اہل خانہ نے بھی شرکت کی تھی۔

ونڈسر کیسل میں قیام کے دوران ہی انہوں نے قوم کے نام بہت سے پیغامات جاری کیے اور ٹی وی پر کئی مرتبہ خطاب کیا۔ ان کے 68 سالہ دورۂ اقتدار میں شاذ و نادر ہی ایسا ہوا ہے۔

ملکہ الزبتھ جنگ عظیم دوم کی یاد میں یورپ بھر میں منائے گئے خصوصی دن کے موقع پر آٹھ مئی کو وہ برطانوی نشریاتی ادارے پر گفتگو کرتے ہوئے دیکھی گئی تھیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 'اچھے دن جلد واپس آئیں گے۔'

اپنے پیغام میں ملکہ برطانیہ نے کہا تھا کہ میرے والد کہا کرتے تھے "نہ کبھی ہمت ہارنا، نہ کبھی مایوس ہونا۔ خصوصی دن کی مناسبت سے اپنے عوام کے لیے میرا بھی یہی پیغام ہے۔"