اختیارات کی تقسیم، متحارب افغان رہنما سمجھوتا طے کریں: اوباما

مسٹر اوباما نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ افغانستان کے لیے بین الاقوامی اعانت کے حصول اور ملک کے استحکام کے تحفظ کے لیے سمجھوتا طے پانا ضروری ہے

امریکی صدر براک اوباما نے افغانستان کے متنازعہ انتخابات کے متحارب امیدواروں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی اتحادی حکومت تشکیل دینے سے متعلق سمجھوتے پر رضامند ہوں، تاکہ ووٹوں سے متعلق بحران کا خاتمہ ہو سکے۔

سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ نے اپریل کے ووٹوں کا پہلا راؤنڈ جیتا تھا۔ تاہم، جون میں منعقدہ انتخاب کے دوسرے مرحلےمیں اُنھیں زیادہ ووٹ نہیں پڑے۔ سابق وزیر خزانہ، اشرف غنی نے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کی۔ لیکن، دونوں فریق نے انتخابات میں دھاندلی کا دعویٰ کیا۔


مسٹر اوباما نے اس بات کی نشاندہی کی کہ افغانستان کے لیے بین الاقوامی اعانت کے حصول اور ملک کے استحکام کے تحفظ کے لیے سمجھوتا طے پانا ضروری ہے۔

صدر نے ہفتے کے روز ٹیلی فون پر متحارب افغان رہنماؤں سے گفتگو کی۔