کراچی شہر سےمتعلق ’معلومات کا خزانہ‘ ایک سکینڈ کی دوری پر

رائزنگ کراچی

’رائزنگ کراچی‘ دراصل ایک بلا معاوضہ ’موبائل فون ایپلی کیشن‘ ہے جو کراچی کے شہریوں تک براہ ِ راست اور بلاتعطل پہنچنے کا سب سے انٹر ایکٹیو اور تیز میڈیم ہے
پاکستان کے میٹروپولیٹن سٹی کراچی سےمتعلق’ معلومات کا خزانہ ‘ اب صرف ایک سیکنڈ کی دور ی پر رہ گیا ہے۔ اپنے موبائل پر موجود آئیکون کو کلک کیجئے اوروہ سب معلومات ہر جگہ، ہروقت اور بالکل مفت پایئے جس کی آپ کوعام حالات میں یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضرورت پیش آسکتی ہے۔

مثال کے طور پر اسپتالوں کے ٹیلیفون نمبر، ایمرجنسی نمبر، مختلف مراکز ِصحت کے ٹیلیفون نمبر، ان کی ویب سائٹس کے لنکس ، شہر میں کون سی بس کہاں جاتی ہے ، ٹرینوں اور جہازوں کی آمدورفت کے اوقات ، کے ایم سی دفاتر کے پتے ، جائے وقوع ، مختلف اعلانات، الرٹس، غرض کہ کون سی معلومات ہیں جو آپ کو ’رائزنگ کراچی ‘ کے ذریعے اپنے فون پر دستیاب نہیں ہوسکتیں۔



’رائزنگ کراچی‘ دراصل ایک بلا معاوضہ موبائل فون ایپلی کیشن ہے۔یہ کراچی کے شہریوں تک براہ راست اور بلاتعطل پہنچنے کا سب سے انٹر ایکٹیو اور تیز میڈیم ہے۔رائزنگ کراچی عوامی اعلانات ، الرٹس اور مختلف اشتہاری مہمات کے انتظام کو بہتر بنانے کے لئے شروع کی جانےوالی ایک عوامی سروس ہے جس کا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے گزشتہ ہفتے ہی افتتاح کیا ہے۔ یہ سروس کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن یعنی کے ایم سی کے تعاون سے شروع کی گئی ہے جس کی مدد سے پورے شہر کی معلومات ہر عام آدمی کی پہنچ میں آسکے گی۔

اس سروس کے ذریعے تمام شہری مختلف اداروں سے متعلق اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں ۔سرکاری خدمات پر اپنی رائے سے حکومت کو آگاہ کرسکتے ہیں ۔ اگر آپ کو کسی مخصوص دفتر یا درخواست کے طریقہ کار یا میٹروپولیٹن ترقیاتی منصوبوں کی معلومات حاصل کرنا ہوں تو اس کے لئے بھی ’رائزنگ کراچی‘ استعمال کی جاسکتی ہے ۔



’رائزنگ کراچی ‘ کی مدد سے موبائل فون صارفین کراچی میٹروپولیٹن کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس کے ذریعے اب ہر شہری کو شہر میں ہونے والی تمام سرگرمیوں کا علم ہوسکے گا۔