روس: اُڑان بھرتے ہی طیارے میں آتشزدگی 41 افراد ہلاک

انٹرفیکس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ جہاز کے پائلٹ نے اُڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہنگامی نوعیت کا سگنل دیا تھا۔

روس کی فضائی کمپنی ’ایروفلوٹ‘ کے ایک جہاز میں فضا میں بلند ہونے کے فوراً بعد آگ بھڑک اُٹھی جس کے باعث جہاز میں سوار 41 مسافر ہلاک ہو گئے۔

فلائٹ ٹریکنگ سروس کے مطابق جہاز نے ہنگامی لینڈنگ سے قبل 45 منٹ تک ماسکو کے گرد دو مرتبہ چکر لگایا۔

 جہاز کو ماسکو کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوخوئی سوپر جیٹ 100 جہاز کی ماسکو کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران اُس کا زیادہ تر پچھلا حصہ شعلوں کی لپیٹ میں تھا۔

تحقیقات کاروں کے مطابق ابھی جہاز کے اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

جہاز میں آگ لگنے کے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مسافروں نے اپنی جان بچانے کے لئے جلتے جہاز سے نکلنے کے لیے ہنگامی راستے کا استعمال کیا۔

جہاز کے زندہ بچ جانے والے 37 مسافروں کو ہنگامی سلائیڈز کے ذریعے اتار لیا گیا۔

روسی نیوز ایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں دو بچے اور فلائٹ اٹینڈینٹ بھی شامل ہیں۔