کریمیا میں صورتحال کشیدہ

یوکرین کے قائم مقام صدر الیگزنڈر ٹرچینوو نے روس کے صدر ولادیمر پوٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ ماسکو کریمیا میں ’’اشتعال انگیزی‘‘ ختم کرے۔

روسی افواج نے کریمیا کے دو بڑے ہوائی اڈوں پر قبضہ کر لیا ہے۔

چند رپورٹس کے مطابق روسی فوجیوں نے سرکاری ٹی وی اسٹیشن کی عمارت کو بھی گھیرے میں لے رکھا ہے۔

یوکرین کے ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ 2000 روسی فوجی سمفروپول کے فوجی اڈے پر پہنچے ہیں۔

یوکرین کے علاقے کریمیا کے روس کے ساتھ بہت قریبی تعلقات ہیں اور وہاں سرکاری عمارتوں میں مسلح افراد کے قبضے کے ایک ہی روز کے بعد یہ واقعات پیش آئے۔

 امریکہ صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ روس کی طرف سے یوکرین میں فوجی سرگرمیوں کے بارے میں ملنے والی رپورٹیں، ’ گہری تشویش‘ کا باعث ہیں۔

اقوامِ متحدہ میں روس کے سفیر ویٹالی چیورکین نے کہا ہے کہ کرئمیا میں کوئی بھی روسی فوجی نقل و حرکت روس کا یوکرین کے ساتھ فوجی تعیناتی کے سمجھوتے کے تحت ہے۔

یوکرین کے برطرف صدر وکٹر یانوکووچ روس پہنچ گئے جہاں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ہے لیکن وہ "یوکرین کے مستقبل کے لیے اپنی لڑائی جاری" رکھیں گے۔

یوکرین کی پارلیمان نے گزشتہ ہفتے یانوکووچ کو اقتدار سے برطرف کردیا تھا جس کے بعد وہ کیوو سے فرار ہوکر کہیں روپوش ہو گئے تھے۔

یوکرین میں روسی زبان بولنے والے متعدد افراد نے یانوکووچ کی برطرفی اور ملک میں یورپ کی جانب جھکاؤ رکھنے والی انتظامیہ لانے کی مخالفت کی تھی۔