سعودی عرب: دہشت گردی کے الزام میں 13 پاکستانیوں سمیت 16 گرفتار

زیر حراست پاکستانی شہریوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

سعودی عرب نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزام میں 13 پاکستانیوں سمیت 16 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں تین سعودی شہری ہیں، لیکن زیر حراست پاکستانی شہریوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ گرفتاریاں ایک سکیورٹی آپریشن کے دوران کی گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ اختتام ہفتہ جدہ میں ایک کارروائی کے دوران مشتبہ عسکریت پسندوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ میں دو مبینہ خودکش بمباروں نے اپنے جسموں سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا تھا۔

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق زیر حراست ایک مرکزی مشتبہ شخص نے بتایا کہ اُنھیں شدت پسند تنظیم ’داعش‘ سے ہدایات ملتی تھیں۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران اُنھیں دستی بم، بارودی مواد اور اسلحہ بھی ملا اور اس گروہ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ 2014 سے سعودی عرب میں ہونے والے کئی مہلک حملوں کی ذمہ داری داعش کی طرف سے قبول کی گئی۔