سعودی عرب: کرونا وبا کے پیش نظر عائد بیشتر پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

فائل فوٹو

سعودی عرب نے کرونا وبا کے پیش نظر عائد کی گئی بیشتر پابندیاں اتوار سے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب نے یہ اعلان قومی ویکسی نیشن پروگرام میں پیش رفت اور کیسز میں کمی آنے کے بعد کیا ہے۔

سعودی سرکاری ایجنسی ‘ایس پی اے’ کے مطابق کرونا وبا کے سبب لگائی گئی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد افراد پر آؤٹ ڈور میں نہ تو فیس ماسک پہننے کی پابندی ہو گی اور نہ سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہو گا۔

ایجنسی کے مطابق مساجد میں نمازیوں کے لیے سماجی فاصلہ رکھنا لازمی نہیں ہو گا۔ جب کہ مکہ اور مدینہ میں واقع مقدس مقامات پر بھی سماجی دوری قائم رکھنے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ تاہم نمازیوں کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

علاوہ ازیں سعودی عرب نے جنوبی افریقہ سمیت 17 ممالک سے آنے اور جانے والی پروازوں پر عائد پابندی بھی ختم کر دی ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

سعودی عرب میں خواتین سیکیورٹی گارڈز

سعودی عرب آنے والے مسافروں کو پہنچنے پر اب منفی کرونا رپورٹ بھی نہیں دکھانی ہو گی جب کہ سعودی عرب پہنچنے والوں کے لیے قرنطینہ کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

تاہم سعودی عرب آنے والے سیاحوں کے لیے انشورنس کرانا لازم ہے تا کہ کرونا وبا سے متاثر ہونے کی صورت میں ان کا علاج ہو سکے۔