شِو شنکر مینن بھارتی شہریوں کے تحفظ کا جائزہ لینے کے لیے کابل جائیں گے

شِو شنکر مینن

بھارت نے جمعے کے روز کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں ایک تحقیقاتی ٹیم کابل روانہ کی ہے ، اور قومی سلامتی کے مشیر شِو شنکر مینن بھی پانچ مارچ کو کابل جائیں گے جہاں وہ حکام کے ساتھ بھارتی شہریوں کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات پر تبادلہٴ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ اِن حملوں میں متعدد بھارتیوں کی ہلاکت کے بعد وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نےافغان صدر حامد کرزئی سے ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے دوران بھارتی باشندوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کہا تھا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ٹیم میں وزارتِ داخلہ اور دفاع کے حکام بھی شامل ہیں جو وہاں تحقیقات میں افغان حکام کی مدد کریں گے۔ افغان حکومت نے جانچ کے لیے پانچ ارکان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ شِو شنکر مینن افغان صدر حامد کرزئی سمیت دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے اور وہاں ترقیاتی پراجیکٹوں میں شامل بھارتی باشندوں کے تحفظ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہٴ خیال کریں گے۔

بھارتی تحقیقاتی ٹیم شواہد اکٹھا کرکے یہ پتا لگانے کی کوشش کرے گی کہ اِن حملوں میں کون لوگ ملوث تھے۔